ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کی متحرک شخصیت اورخلیفہ جماعت کے سابق جنرل سکریٹری محمد میراں سعدا انتقال کرگئے

بھٹکل کی متحرک شخصیت اورخلیفہ جماعت کے سابق جنرل سکریٹری محمد میراں سعدا انتقال کرگئے

Mon, 23 Oct 2023 14:49:05    S.O. News Service

بھٹکل 23/اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل کی متحرک شخصیت جناب محمد میراں سعدا مختصرعلالت کے بعد پیر صبح مینگلورکے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال کرگئے۔ اناللہ و اناالیہ راجعون۔ ان کی عمر 77 سال تھی۔

بھٹکل انجمن سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد موصوف مینگلور سے بی کام کی ڈگری حاصل کی تھی، پھر دبئی میں برسرروزگارہوئے تھے آپ اپنی جوانی کے قیمتی 40 سال دبئی میں گذارے جس میں 30 سال تک آپ دبئی کے معروف اورسرکاری راشد اسپتال میں خدمات انجام دیں، اس دوران آپ دبئی میں جماعت اسلامی ہند کے امیر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات پیش کی۔ پھرسن 2006 میں دبئی کو خیرباد کہتے ہوئے بھٹکل پہنچ کربھٹکل کے اداروں کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔ موصوف مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل میں ایک میعاد کے لئے جنرل سکریٹری، دو میعاد کے لئے سکریٹری اورجماعت اسلامی ہند بھٹکل میں قریب چھ سال تک امیرمقامی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، انتقال سے قبل وہ مرکزی خلیفہ جماعت السملمین کے سرپرست تھے۔

نہایت شریف، ہنس مکھ، ملنساراورپنج وقتہ نمازی جناب میراں صاحب بالکل صحت مند اورتندرست لگتے تھے۔ جب 8/اکتوبرکوانہیں بخارہونے کی بناء پربھٹکل کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تو پتہ چلا کہ انہیں ڈینگی ہوا ہے، 12/اکتوبرکوانہیں مینگلورکے ایک پرائیویٹ اسپتال شفٹ کیا گیا لیکن وہ اسپتال سے صحیح سلامت نہ لوٹ سکے۔ انہوں نے اپنے پیچھے چھ دُختر اور دو فرزند سمیت کئی پوتے پوتیوں اورنواسے نواسیوں سمیت اپنے کئی رفقاء اور معاونین کو چھوڑکرمالک حقیقی کی آواز پر لبیک کہہ گئے۔ اللہ انہیں غریق رحمت کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور جملہ اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ اٰمین۔

میت پیر صبح قریب دس بجے مینگلور سے بھٹکل لائی گئی، بعد نماز عصرخلیفہ جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔


Share: